احسان محسود نے تائیکوانڈو انٹرنیشنل چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

 سیمی فائنل میں قومی کھلاڑی نے بھارت کے کھلاڑی کو زیر کرکے فائنل میں جگہ بنائی،فائنل میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا
بنکاک (سپورٹس ڈیسک)قومی کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ میں منعقدہ تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔احسان محسود نے ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں قازقستان کے حریف کو شکست دے کر کامیاب آغاز کیا، جبکہ سیمی فائنل میں انہوں نے بھارت کے کھلاڑی کو زیر کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل میں پاکستانی کھلاڑی نے سری لنکا کے حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا اور بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا۔کامیابی کے بعد احسان محسود نے گولڈ میڈل کو اللہ تعالی کے فضل، والدین کی دعاں اور پاکستانی عوام کی محبت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اپنی فتح پوری قوم کے نام کر دی۔