ہائی کورٹ‘ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی کیس میںرپورٹ طلب

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ متعلق کیس میں وفاقی حکومت سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ کی جواب کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے متعدد درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل استدعا کی کہ 13 نومبر کو تمام اسٹیک ہولڈر کی میٹنگ ہوئی ہے، عدالت جواب کے لیے وقت دے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ 2020 کے سوشل میڈیا رولز سے متعلق درخواستیں غیر موثر ہو چکی ہیں۔وکیل درخواست گزار نے 2020 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف درخواست غیر موثر ہونے پر واپس لے لی۔ عدالت نے 2021 کے سوشل میڈیا رولز کے خلاف درخواست پر وفاق کو جواب جمع کروانے کی ہدایت بھی کر دی