امریکہ اور ایران امن معاہدے کی پیش رفت خوش آئند، پاکستان اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا:وفاقی وزیر
اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت کو خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔محمد حنیف عباسی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام، باہمی احترام اور مذاکرات کے اصولوں کا حامی رہا ہے اور امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت سے خطے میں کشیدگی میں کمی، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ امن اور استحکام ہی علاقائی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام سے رابطہ کاری، اقتصادی تعاون اور تجارتی منصوبوں کو مزید فروغ ملے گا، جس سے تمام ممالک مستفید ہوں گے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی سفارت کاری، مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی کاوشوں نے ملک کے مثبت تشخص اور سفارتی وقار کو مزید مستحکم کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی استحکام، امن اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا