معیشت کے استحکام کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا، ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد کے لیے سیاست کی،وفاقی وزیر
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیربرائے امور کشمیر اور سیفران انجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔ بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا، ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد کے لیے سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، میں پختونوں کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ایجنڈا مکمل طور پر ناکام ہو گیا، صوبائی حکومت کو معاملے پر پہل کرنی چاہیے، وزیراعلیٰ کے پی نے اہم معاملے پر اپنا نکتہ نظر دینا گوارا نہیں کیا، جذبات اور الزام تراشی سے ہٹ کر سنجیدگی دکھانا ہوگی، سیاست کے ساتھ صوبے کی ذمہ داری بھی پوری کرنی چاہیے۔