وزیراعظم سے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینڈژیل کی ملاقات‘شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کیلئے پاکستان کی مشترکہ وزارتی کمیشن کی تجویز قبول کرنے کے فیصلے کو سراہا

غریب کو چھت نہ ملے تو عہدے پر رہنے کا حق نہیں شہبازشریف
 ملک میں سب کو برابر حقوق ملنے چاہئیں، غریبوں کیلئے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا، بینکوں کو برق رفتاری سے قرضے فراہم کرنے چاہئیں، اس مقصد کے لئے جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے
 قرضے لینے والوں سے کسی نے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں‘ میرٹ پر کسی مخالف جماعت کے شخص کو بھی گھر ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے:اپنا گھر سکیم کی تقریب سے خطاب
اپنا گھر پروگرام نے 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کر لیا‘ہمارے ہاں یہ تصور پایا جاتا تھا  مرد مکان تعمیر کرتا ہے جبکہ عورت اسے گھر بناتی ہے:عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد(آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  شبانہ روز محنت کرنے والے اپنے گھر کو ترستے ہیں، جن خاندانوں کو گھر ملا ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنا گھر سکیم میں 100 ارب کے قرضوں کے اجرا پر تقریب ہوئی،وزیراعظم  نے سکیم میں شامل 5 بینکوں کو بلیو پاسپورٹ دینے کا اعلان  کیا‘انہوں نے کہا  پروگرام میں حصہ لینے والے 5 بینکوں کو بلیو پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے، یہ فیصلہ بینک مالکان اور سی ای اوز خود کریں کہ پاسپورٹ کون وصول کرے گا، یہ 5 بینک اس مقصد کے لیے ایمبیسڈرز ایٹ لارج ہوں گے، آباد، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کو ایک جگہ بٹھا کر فوری اجلاس منعقد کیا جائے، وزارت ہاؤسنگ کے سیکرٹری کو بھی بلائیں اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دیں۔‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ سکیم شروع کی گئی، پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، اس کے بعد آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس کا آغاز ہوا، اپنا گھر ہر شہری کا خواب ہوتا ہے، خوشی ہے کہ ہزاروں خاندانوں کو گھر مل چکے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اپنے انتخابی حلقے میں ایک ایسے گھر کا دورہ کیا جو صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا، وہاں ایک خاتون سے پوچھا کہ آپ کیا کام کرتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے، دکھ کی بات ہے کہ ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں جبکہ بہت بڑی تعداد چھت، تعلیم اور روزگار سے محروم ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کو برابر حقوق ملنے چاہئیں، یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کے لیے قائداعظم نے تحریک چلائی تھی، پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے، اگر ہم غریب مزدور اور بیوہ کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا، بینکوں کو برق رفتاری سے قرضے فراہم کرنے چاہئیں، اس مقصد کے لیے جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ قرضے لینے والوں سے کسی نے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میرٹ پر کسی مخالف جماعت کے شخص کو بھی گھر ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے، بینک میرٹ پر قرضے فراہم کرنے کے لیے آسانیاں پیدا کریں، یہ وسائل قوم کے ہیں اور حق داروں کے لیے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ پروگرام میں حصہ لینے والے 5 بینکوں کو بلیو پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے، یہ فیصلہ بینک مالکان اور سی ای اوز خود کریں کہ پاسپورٹ کون وصول کرے گا، یہ 5 بینک اس مقصد کے لیے ایمبیسڈرز ایٹ لارج ہوں گے، آباد، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کو ایک جگہ بٹھا کر فوری اجلاس منعقد کیا جائے، وزارت ہاؤسنگ کے سیکرٹری کو بھی بلائیں اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دیں۔وزیراطلاعات ونشریات عطاء￿ اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے شہریوں کو ملنے کا سنگ میل عبور کرلیا گیا۔کہا جاتا ہے مرد مکان تعمیر کرتا ہے اور عورت اسے گھر بناتی ہے، کئی بہنیں ایسی ہیں جنہوں نے مکان تعمیر کیا اور اسے گھر بنایا‘دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینڈژیل نے ملاقات کی۔۔وزیراعظم نے پرتگال کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہنے کرنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی)قائم کرنے کی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔