بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی محبت کی کہانی ایک بار پھر سامنے آگئی ہے۔
رنویر سنگھ نے حال ہی میں ادے پور میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون سے اپنی محبت کے سفر کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے اس شہر میں امریکی ارب پتی پدمجا اور راما راجو مانتینا کی بیٹی نیترا منٹینا کی سنگیت تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی خوبصورت یادوں کو شیئر کیا۔رنویر نے کہا کہ ادے پور محبت کی کہانیوں کے لیے ایک خوش قسمت مقام ہے، کیونکہ یہاں انہوں نے اپنی فلم "رام لیلا" کی شوٹنگ کی تھی، اور اسی دوران ان کی اور دیپیکا کی محبت پروان چڑھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا دیپیکا کے ساتھ 13 سال سے تعلق ہے، اور شادی کو 7 سال ہو چکے ہیں، جن کے نتیجے میں ایک پیاری بیٹی بھی ہے جس کا نام "دعا" ہے۔یاد رہے کہ رنویر اور دیپیکا نے 14 نومبر 2018 کو لیک کومو میں شادی کی تھی، اور 8 ستمبر 2024 کو ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔