دبئی ایئر شو میں بھارت کا ایک اور اڑتا تابوت گرکر تباہ‘پائلٹ ہلاک

 ائیرشو کے دوران  جنگی طیارہ تیجس اچانک زمین پر آگرا‘ آگ بھڑک اٹھی‘وِنگ کمانڈر وکرم سنگھ حادثے کے وقت طیارہ اڑا رہے تھے
550 کروڑ مالیت کا جنگی طیارہ تیجس بھارت میں تیار کیا گیا تھا‘ پہلے بھی ایک طیارہ تباہ ہوچکا ہے‘طیارہ بنانے والی کمپنی کے شیئر گرگئے
 دبئی (آئی این پی‘آن لائن  )بھارتی فضائیہ کو عالمی سطح پر ایک اور بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، دبئی ائیرشو میں بھارتی فائٹر جیٹ تیجس گرکر تباہ ہوگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ایئر شو کے آخری دن دوپہر کے ڈیمو کے دوران بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔دبئی ایئر شو میں بڑی تعداد میں لوگ بیرونی حصے میں موجود طیاروں کے ڈسپلے دیکھنے کے لیے جمع موجود تھے، حادثے کے بعد شو کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور شرکا کو مین ایگزیبیشن ایریا میں واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔ دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس طیارے کے حادثے  میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق بھارتی فضائیہ نے کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، حادثے کے وقت طیارہ وِنگ کمانڈر وکرم سنگھ  اڑا رہے تھے۔حادثے کی تحقیقات بھارتی فضائیہ کی ٹیم کر رہی ہے تاکہ اس کے اسباب اور تکنیکی خامیوں کا تعین کیا جا سکے‘بھارتی وزارت دفاع کے بقول 83 تیجس طیاروں کی کھیپ کی مجموعی مالیت 45،696 کروڑ بھارتی روپے ہے یعنی تیجس مارک 1 اے لڑاکا طیارے کی لاگت قریب 550 کروڑ روپے ہے۔