کم ٹرن آوٹ کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیل نہیں ہونا تھا، عوام کی دلچسپی کم رہی: سکندر سلطان راجہ
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن سے نمبر گیم تبدیل نہیں ہونا تھا، اس لیے عوام کی دلچسپی کم رہی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آج کا ضمنی الیکشن پْرامن رہا، ضمنی الیکشن میں ٹرن آوٹ ہمیشہ کم ہوتا ہے، پنجاب اور خیبر پختون خوا کی حکومتوں کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم ٹرن آئوٹ کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیل نہیں ہونا تھا، جس کی وجہ سے عوام کی دلچسپی کم رہی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمیشن نے بلا تفریق ایکشن لیا۔اْن کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرز نے کچھ رپورٹس بھیجی ہیں، کچھ شکایات کا کمیشن نے خود نوٹس لیا، آج کوئی بھی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی۔سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ وفاقی وزیر سینیٹر طلال چوہدری کو کل طلب کیا ہے، معاملے کی سماعت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک امیدوار کو نااہل کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہر چیز کی ایک لیگل اسکیم ہے، دنیا بھر میں انتخابات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں۔اْن کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن وقتاً فوقتاً اپنی تجاویز حکومت کو بھیجتا رہتا ہے، کمیشن کے پاس ٹریبونل کو ہدایات دینے کا کوئی اختیار نہیں۔