چیف الیکشن کمشنر و ممبران تقرری معاملہ: حکومت کی عدم دلچسپی،اہم آئینی تقاضا خط بازی کی نذر

اسلام آباد (آن لائن) چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر حکومت کی عدم دلچسپی، آئینی عہدوں پر تقرری کا معاملہ ہم آئینی تقاضا خط بازی کی نذر ہوگیا ہے،اپوزیشن لیڈر ان کی جانب سے لکھے جانے والے خطوط پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کیلئے لکھے جانے والے خط کو سپیکر نے مزید کارروائی کیلئے وزارت پارلیمانی امور کو بھجوادیا جس کے بعدوزارت پارلیمانی امور نے معاملے پر رہنمائی کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھ د یا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کیلئے امیدواروں کی نامزدگی پہلے کی جائے اس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر کو نامزدگی کے معاملہ پر وزیراعظم سے رجوع کرنا پڑے گا ۔