وادی تیراہ میں منشیات کے کارخانے ، ضلع خیبر سے منشیات پورے ملک میں سمگل ہوتی ہے
ساڑھے 3 ہزار ایکڑ زمین پر بھنگ کی کاشت ، یہ ساری زمین وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہے
پشاور(آ ئی این پی ) وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے علاقے میں منشیات کے کارخانے ہیں اور پی ٹی آئی کے لوگ منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں ۔اختیار ولی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ضلع خیبر سے منشیات کی اسمگلنگ ہوتی ہے، وزیر اعلی سے کہا کہ منشیات سمگلنگ کے راستے بند کیے جائیں تو انہوں نے وزیر اطلاعات سے پریس کانفرنس کروائی کہ ایسا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات کے پی نے پروگرام میں بھی کہا کہ خیبر میں ایسا نہیں لیکن میں نے کہا کیمرے لے کر چلتے ہیں اور دیکھتے ہیں وہاں منشیات کی فصل ہے یا نہیں۔ وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر نے دعویٰ کیا کہ ضلع خیبر میں ساڑھے 3 ہزار ایکڑ زمین پر بھنگ کی کاشت ہو رہی ہے، عوام کو بھی معلوم ہے کہ یہ ساری زمین وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہے۔اختیار ولی خان نے کہا کہ ضلع خیبر سے منشیات پورے ملک میں اسمگل ہوتی ہے، سابق وزرا علی علی امین گنڈاپور اور محمود خان بھی دھندہ بند نہیں کروا سکے، منشیات کے کاروبار سے کمائے پیسے ریاست پر حملوں کیلئے استعمال ہوتے ہیں، سہیل آفریدی کی ناک کے نیچے اس کے اپنے حلقے میں منشیات کا کاروبار ہو رہا ہے۔اخلاقی جواز یہ ہے کہ سہیل آفریدی کو مستعفی ہونا چاہیے۔ منشیات سمگلنگ کی وجہ سے جس کی گاڑی بند ہے اس کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے، منشیات کا پیسہ ریاست پر حملے اور دہشتگردی کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ دیکھنا ہوگا منشیات کا پیسہ صرف کے پی میں بٹتا ہے یا بنی گالہ تک بھی جاتا ہے۔ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں منشیات کے کارخانے لگے ہوئے ہیں۔