تریپولی (آئی این پی) لیبیا کی معروف وی لاگر و سوشل میڈیا انفلوئنسر خنسا مجاہد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیبیا کے دارالحکومت تریپولی کے علاقے السراج میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے خنسا کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ رپورٹ کے مطابق وی لاگر نے اپنی جان بچانے کیلئے گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش بھی کی تاہم مسلح افراد نے تعاقب کر کے ان پر براہ راست فائرنگ کی اور متعدد گولیاں برساتے ہوئے انہیں ابدی نیند سلا دیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور معروف ولاگر کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تاہم تاحال ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ مقامی پولیس کے مطابق خنسا کی گاڑی کے شیشوں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں جبکہ وقوعہ سے گولیوں کے خول جمع کرکے فرانزک کیلئے بھیج دیئے گئے تاکہ واقعہ کی تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے