تہران(آ ئی این پی )ایران نے ایلیٹ چالوس جنگل میں لگی آگ کے پھیلنے کے بعد ہائیرکینین جنگلات کے اس حصے کو بچانے کیلئے ہنگامی بین الاقوامی مدد کی اپیل کی ہے جو یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ترکیہ کے خصوصی فائر فائٹنگ طیارے مرزن آباد پہنچ چکے ہیں، روس، بیلاروس اور آذربائیجان نے بھی مدد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔یہ آگ 20 روز قبل ہائیرکینین جنگلات میں لگی تھی، جو بحیرہ کیسپین کے ساحل کے ساتھ ایک ہزار کلومیٹر تک پھیلے ہوئے ہیں۔آگ پر ایک ہفتہ قبل تقریبا قابو پا لیا گیا تھا، لیکن موسمی حالات کے باعث یہ دوبارہ بھڑک اٹھی،بیک وقت زمین سے اور فضا سے جنگل میں لگی اس آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔واضح رہے کہ ہائیرکینین جنگلات ایران اور آذربائیجان میں بحیرہ کیسپیئن کے ساحل کے ساتھ پھیلے ہوئے ہیں، جن کی عمر 25 سے 50 ملین سال پرانی ہے، یہ جنگلات بھرپور نباتاتی اور حیوانی تنوع کیلئے مشہور ہیں اور انھیں اقوامِ متحدہ کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ بھی قرار دیا گیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق اب تک اس آگ کی وجہ سے 40 ہیکٹر پر پھیلے جنگلات جل چکے ہیں۔