ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس محمد یونس چانڈیو کا نوٹس ،حقائق معلوم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل
کراچی(آئی این پی ) جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر ویزا حاصل کرنے والے مسافر کو کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا ۔ ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس محمد یونس چانڈیو نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور حقائق معلوم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔گرفتار ملزم کی جانب سے ایچ ٹی وی لائسنس پیش کیا گیا جو کہ جعلی نکلا، ملزم نے مذکورہ لائسنس ایجنٹ سے 1لاکھ 27 ہزار روپے میں حاصل کیا۔ کمیٹی کو 3 دن کے اندر انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس سے قبل بھی جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر مسافروں کو گرفتار کرنے کا واقعہ پیش آچکا ہے، ورک ویزا پر سعودی عرب جانیوالے 2 مسافروں کو جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر گرفتار کیا گیا تھا۔امیگریشن حکام کے مطابق مسافر شہباز اور عمر ڈرائیورز کے ورک ویزوں پر سعودی عرب جا رہے تھے کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے دوران دونوں کے ڈرائیونگ لائسنس جعلی نکلے۔مسافروں کے دونوں ڈرائیونگ لائسنس کلفٹن برانچ سے جاری شدہ ظاہر کیے گئے تھے، مسافر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے کبھی بھی ڈرائیونگ لائسنس برانچ نہیں گئے۔لائسنس ایجنٹ کے ذریعے 6 سے ساڑھے7 لاکھ روپے میں حاصل کیے گئے، دونوں مسافروں کے سعودی عرب کے ورک ویزوں پر اصلی پروٹیکٹر بھی لگے ہوئے تھے۔