کیمپس میں ووٹرز کی گہما گہمی ،پی ٹی آئی پولنگ اجڑے چمن:عظمیٰ بخاری

 لوگ خدمت کو ووٹ دیتے انتشار اور نفرت کی سیاست کو عوام مسترد کر چکے ، نتائج آنے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا کرنا شروع کر دیا 
لاہور(آ ئی این پی )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنا دیا ہے، اسی لئے مسلم لیگ (ن ) ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر عظمی بخاری نے ضمنی الیکشن کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیو جاری کر دی۔عظمی بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کی گہما گہمی ہے جبکہ تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس خالی پڑے ہیں، تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس میں کہی خالی ٹینٹ لگے کہی خالی کرسیاں ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کا رش لگا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار واضح برتری اور بڑے مارجن سے جیتیں گے، پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار گھر بن رہے، 3 لاکھ مریضوں کو مفت ادویات مل رہی، 20 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں بنی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر مل رہے ہیں، جبکہ 25 ہزار الیکٹرک بائیکس نوجوانوں کو مل چکی، 50 ہزار سکالرشپ مل چکے ہیں