پاکستان میں بیروزگاری کا پیمانہ 22فیصد ، اس وقت ملک میں بیروزگاری کی تاریخی شرح ہے
اسلام آباد (آئی این پی )سابق وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ملکی آبادی کی رفتار اڑھائی فیصد سے بڑھ رہی ہے جبکہ فی کس آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو پچھلے 5سے 6سال میں اڑھائی سے 3 فیصد رہی۔ ملکی آبادی کی رفتار اڑھائی فیصد سے بڑھ رہی ہے، پچھلے کچھ سالوں سے فی کس آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا۔شرح نمو کم ہو تو روزگار میں کم اضافہ ہوتا ہے، پاکستان میں بے روزگاری کا پیمانہ 22فیصد ہے، اس وقت ملک میں بے روزگاری کی تاریخی شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 اور 2023 میں پاکستان دیوالیہ کے قریب آچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ آئی ایم ایف نے نیا اور بہت مناسب راستہ ڈھونڈا ہے، آئی ایم ایف نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہمارے اداروں میں کہا ں کہاں ناکامی ہے، رپورٹ میں ٹکر اشرافیہ سے ہے، اشرافیہ کو اشارہ کیا ہے کہ مناسب طریقے سے رویہ اپنانا ہوگا۔