ملکی حالات اتنے بھی اچھے نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں: حفیظ پاشا

حکومتی دعوئوں کے باوجود عوام کے بلوں میں تو کوئی کمی نہیں آئی، پاکستان میں غربت 44فیصد تک پہنچ چکی ہے
جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوتا تو پاکستان معاشی لحاظ مستحکم پوزیشن پر نہیں پہنچ پائے گا، سابق وزیرخزانہ
لاہور(آئی این پی )سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ملکی حالات اتنے بھی اچھے نہیں جتنے حکومت کی طرف سے بتائے جارہے ہیں، حکومتی دعویٰ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن عوام کے بلوں میں توکوئی کمی نہیں آئی۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ میں پہلی بار بہت عرصے کے بعد سرپلس آیا ہے، دو ارب ڈالر کا سرپلس ایک مثبت پیشرف ہے، اس کے نتیجے میں بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں پچھلے سال کچھ اضافہ ضرور ہوا ہے، مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسے حاصل ہوا؟ بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ برآمدات صرف 4 فیصد اضافہ ہے، اصل وجہ ذخائر بڑھنے کی ترسیلات زر میں 8ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔مگر یہ مجموعی طور پر اضافہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک پاکستان معاشی لحاظ مستحکم پوزیشن پر نہیں پہنچ پائے گا۔ حکومتی معاشی اعدادوشمار میں بہت ساری چیزیں پریشان کن ہیں، اگر پالیسی کو درست سمت لے جانا ہے تو پھر درست اعدادوشمار کو پیش کرنا پڑے گا، ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں غربت کی سطح کا پیمانہ 44فیصد ہے، ان حالات میں کہنا کہ معیشت چل پڑی اور آگے بھاگ رہی ہے یہ مناسب نہیں۔