یورپی یونین نے امریکا کی جانب سے مجوزہ اضافی ٹیرف کو دونوں فریقین کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات سے عالمی تجارتی استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یورپی یونین کے تجارتی امور کے سربراہ ماروس سیفکووچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین ایک ایسے باہمی معاہدے کے لیے پُرعزم ہے جو دونوں فریقین کے مفاد میں ہو اور احترام کی بنیاد پر قائم ہو، نہ کہ دھمکیوں پر۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم ہم چاہتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ تعلقات باہمی عزت و وقار اور تجارتی اصولوں کے مطابق چلیں۔ماروس سیفکووچ کے مطابق امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی یونین پر 50 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی تشویشناک ہے۔ اس قسم کے اقدامات تجارتی محاذ آرائی کو ہوا دے سکتے ہیں اور بین الاقوامی معیشت کو متاثر کر سکتے ہیں۔یورپی یونین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی تجارت کو سیاست کا یرغمال نہیں بنانا چاہیے، اور تمام فریقین کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی راہ اپنانی چاہیے۔