مونا خان نے ثابت کر دیا خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں: مریم نواز

مونا خان نے ثابت کر دیا خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی عالمی میدانوں میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں اور خواتین کھلاڑی مونا خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سے ایتھلیٹ اور جرنلسٹ مونا خان اور کوچ محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں کھیلوں کی ترقی اور خواتین کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ ’کھیلتا پنجاب‘ پروگرام کے تحت کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھائے جا رہے ہیں۔ صوبے میں منعقدہ پہلی پنک گیمز میں 1300 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے ریکارڈ قائم کیا، جبکہ انعامی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے مونا خان اور کوچ محمد یوسف کو 5، 5 لاکھ روپے کے چیک دیے، جبکہ مونا خان نے انہیں اجرک پہنائی اور پنسل اسکیچ پیش کی۔ ایتھلیٹ اور کوچ نے مریم نواز کو گولڈ میڈل بھی پیش کیا۔مونا خان نے کہا کہ وہ اپنا میڈل وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو منسوب کرتی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان اور مریم نواز کا نام روشن کریں گی۔ مونا خان کو لندن میں 42.2 کلومیٹر طویل میراتھن 2025 مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔