اسلام آباد: معروف تھنک ٹینک پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر جامع رپورٹ "16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی" جاری کردی ہے، جس میں مودی کے غلط اندازے اور پاکستان کی دفاعی برتری کو نمایاں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مئی 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کو پاکستان کا شاندار ترین لمحہ قرار دیا گیا ہے اور جنگ کے امکانات کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے کیونکہ دفاعی طاقت کا توازن بحال ہو چکا ہے۔رپورٹ کا اجرا سینیٹر مشاہد حسین سید نے کیا، جنہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جرات مندانہ حکمت عملی، خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے پائلٹس کی مہارت، جدید ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر جنگ میں کامیابی کو رپورٹ کی اہم وجوہات قرار دیا۔سینیٹر مشاہد حسین نے چین کی حمایت کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے امریکہ کی ثالثی کو بھی اہم قرار دیا، جس نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔رپورٹ میں تین نئی اسٹریٹجک حقیقتوں کا ذکر ہے: پاکستان کی دفاعی توازن کی بحالی، چین کا مسئلہ کشمیر میں فعال کردار، اور امریکہ کا جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ میں کردار۔پی سی آئی کی رپورٹ میں خطے میں استحکام کے لیے جامع حکمت عملی پیش کی گئی ہے جس میں متحرک سفارت کاری، علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی، دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے پر قانونی حکمت عملی، بھارت کے آر ایس ایس ہندوتوا نظام کو بین الاقوامی عدالتوں میں لے جانا اور میڈیا، تھنک ٹینکس و پارلیمانی سطح پر بیانیے کی جنگ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جنوبی ایشیا میں جوہری طاقتوں کے توازن نے بھارتی جارحیت کو مؤثر طریقے سے روکا اور خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھا ہے۔ اگرچہ جنگ کے امکانات کم ہیں، لیکن بھارت کی 3D اسٹریٹجی (پاکستان کو بدنام کرنا، نقصان پہنچانا، غیر مستحکم کرنا) کے پیش نظر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔سینیٹر مشاہد حسین نے سیاسی اتحاد اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دہشت گردی اور بیرونی خطرات کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی قربانیوں اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی نے قومی خود اعتمادی کو بڑھایا ہے اور پاکستان کے مستقبل پر نئے یقین کا باعث بنی ہے۔رپورٹ 25 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 22 اپریل 2025 کو پہلگام دہشت گردی کے حملے کے بعد سے اب تک کے واقعات کی تفصیلی ٹائم لائن، بین الاقوامی آراء اور تاریخی غلط اندازوں جیسے مودی کی سنگین غلطی کا تجزیہ شامل ہے۔پاکستانی میڈیا کی حقائق پر مبنی شاندار رپورٹنگ کی بھی تعریف کی گئی ہے، اور یہ رپورٹ پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ www.Pakistan-China.com سے بھی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔