پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، پاکستانی پاسپورٹ کی وقعت میں اضافہ ہوا: شرجیل میمن

پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، پاکستانی پاسپورٹ کی وقعت میں اضافہ ہوا: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی ہے اور آج دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی ایک قدر قائم ہو گئی ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہم نے تاریخی فتح حاصل کی، پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کا مزہ جو اب آیا پہلے کبھی نہیں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے کو 75ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں، سچ ہمیشہ کڑوا ہوتا ہے اور اس کی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے، مختلف ممالک میں صحافیوں کو قتل کیا گیا، ان حالات میں صحافت کرنا ایک چیلنج ہے، مگر صحافیوں نے اس چیلنج کو بخوبی نبھایا۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید اور نصرت بھٹو نے صحافیوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی زندگی میں ان کا میڈیا ٹرائل ہوا، آصف زرداری کا بھی میڈیا ٹرائل کیا گیا، ہم میڈیا فرینڈلی ہیں اور ہماری گردن میں سریا نہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے سندھ اسمبلی نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل پاس کیا ہے۔صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتال پاکستان کے ہر شخص کے لیے مفت ہیں، این آئی سی وی ڈی میں لاکھوں لوگ دیگر صوبوں سے آتے ہیں، ہمارے اسپتالوں میں ایران اور دیگر ممالک کے لوگ بھی علاج کروا چکے ہیں۔