اسرائیلی حکومت غزہ میں بچوں کو شوقیہ قتل کررہی ہے:سابق اسرائیلی فوجی عہدیدار

 ایک سمجھدار ملک عام شہریوں کے خلاف جنگ نہیں کرتا، بچوں کو تفریح کے طور پر نہیں قتل کرتا:یائرگولن
تل ابیب(آئی این پی )اسرائیلی فوج کے سابق ڈپٹی چیف آف سٹاف اور اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن غزہ میں نہتے شہریوں اور بچوں کے قتل وعام پر پھٹ پڑے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن نے حال ہی میں کی گئی پریس کانفرنس میں اسرائیلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسرائیل بچوں کو شوقیہ قتل کررہا ہے۔دوسری جانب ایک انٹرویو میں ریٹائرڈ اسرائیلی جنرل نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری فوجی حملوں پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ 10ہزار فلسطینیوں کی ہلاکت اور ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر کردینے جیسے اقدامات اسرائیل کو دنیا کی نظر میں عالمی سطح پر ایک الگ تھلگ ریاست بناسکتے ہیں۔ریٹائرڈ اسرائیلی جنرل کا کہنا تھا کہ ایک سمجھدار ملک عام شہریوں کے خلاف جنگ نہیں کرتا، بچوں کو تفریح کے طور پر قتل نہیں کرتا اور بڑے پیمانے پر آبادی کی نقل مکانی جیسے اقدامات میں ملوث نہیں ہوتا۔گولن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل اب بھی جنگ بندی نہیں کرتا  توعالمی سطح پر اسرائیل کا بھی جنوبی افریقا کی طرح بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔