بھارت میں کرکٹ کھیلتے ہوئے نوجوان کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

بھارت میں کرکٹ کھیلتے ہوئے نوجوان کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

بھارت میں کھیل کے دوران نوجوان کرکٹر کی ہلاکت کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس نے کھیل کے میدان میں بڑھتے ہوئے ہارٹ اٹیک کے واقعات پر تشویش بڑھا دی ہے۔

بھارتی ریاست اترپردیش میں 22 سالہ نوجوان ثاقب کرکٹ کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ حافظ تھانہ گنج کے علاقے میں پیش آیا جہاں ثاقب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ میچ کھیل رہا تھا۔رپورٹس کے مطابق ثاقب بی ایڈ کا طالبعلم تھا اور عید کی تعطیلات کے سلسلے میں گھر آیا ہوا تھا۔ جمعہ کے روز میچ کے دوران اسے اچانک سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی اور چند لمحوں بعد وہ زمین پر گر پڑا۔

ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر اسے قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اس اچانک واقعے پر اہل خانہ اور دوست شدید صدمے میں ہیں۔اہل خانہ کے مطابق ثاقب نہایت خوش اخلاق اور سب کا چہیتا نوجوان تھا، جسے بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا اور وہ مقامی ٹورنامنٹس میں باقاعدگی سے حصہ لیتا تھا۔