تورین میں ٹینس فائنلز کے دوران دو تماشائی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

تورین میں ٹینس فائنلز کے دوران دو تماشائی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

اٹلی کے شہر تورین میں جاری اے ٹی پی فائنلز کے دوران دو تماشائیوں کی دل کا دورہ پڑنے سے المناک موت ہو گئی۔

اینالپی ایرینا میں دوسرے روز پیش آنے والے واقعات میں، 70 اور 78 سالہ دونوں افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پہلے واقعہ پیر کے روز صبح پیش آیا جب 70 سالہ شخص کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ ایریا میں گر گیا، اسے اسپتال لے جایا گیا مگر جان کی بازی ہار گیا۔چند گھنٹوں بعد، ایک اور تماشائی، جو امریکی اور اطالوی کھلاڑیوں کے درمیان میچ دیکھ رہا تھا، اچانک بےہوش ہو گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا، مگر چند لمحات بعد ہی اس کا بھی انتقال ہو گیا۔ دونوں کی موت دل کے دورے سے ہوئی۔

اٹالین ٹینس فیڈریشن اور اے ٹی پی نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ طبی عملہ نے فوری ردعمل دیا، مگر بدقسمتی سے دونوں افراد جانبر نہ ہو سکے۔یاد رہے کہ تورین میں جاری یہ ایونٹ سیزن کے بہترین 8 کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ہے، جن میں مقامی اسٹار یانک سینر اور ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاراز شامل ہیں، جو عالمی رینکنگ میں نمبر 1 کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔