دبئی: متحدہ عرب امارات میں مقیم 38 سالہ بھارتی نژاد کرکٹر محمد سفوان شانو کرکٹ میچ کے دوران اچانک گر کر انتقال کر گئے، جس کے بعد کرکٹ کمیونٹی میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق محمد سفوان شانو اتوار کی صبح معمول کے ہفتہ وار کرکٹ میچ کے دوران بیٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک زمین پر گر پڑے اور بے ہوش ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی اور ایمبولینس طلب کی، تاہم اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔قریبی دوست نبیل کے مطابق میچ کے دوران سب کچھ معمول کے مطابق تھا اور کسی بھی قسم کی بیماری یا طبی تکلیف کے آثار نظر نہیں آ رہے تھے۔ ان کے مطابق سفوان اچانک بیٹنگ کے دوران گر گئے اور فوری امداد کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔محمد سفوان شانو گزشتہ 15 برس سے دبئی میں مقیم تھے اور مقامی کرکٹ کمیونٹی کا فعال حصہ سمجھے جاتے تھے۔ وہ مختلف مقامی ٹیموں کی نمائندگی اور کپتانی بھی کر چکے تھے جبکہ متعدد ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی پر انہیں انعامات سے نوازا گیا۔
ان کے دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں ایک باصلاحیت بلے باز اور نہایت خوش اخلاق انسان قرار دیا ہے، جو کھیل کے میدان اور باہر ہر کسی کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آتے تھے۔سفوان شانو کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے بھٹکل سے تھا۔ وہ اپنے پیچھے اہلیہ، تین بیٹے اور چار ماہ کی ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔ان کی وفات کی خبر ملنے پر اہل خانہ فوری طور پر بھارت سے دبئی پہنچے تاکہ وہ آخری رسومات میں شرکت کر سکیں۔ ان کی تدفین میں کرکٹ کمیونٹی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔