کولمبیا ایک بار پھر پرتشدد کارروائیوں کی لپیٹ میں آگیا، جہاں باغی گروپوں کے حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پہلا واقعہ جنوبی شہر کالی (Cali) میں ایرو اسپیس فورس بیس کے قریب پیش آیا۔ میئر آفس کے بیان کے مطابق ایک گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 71 زخمی ہوئے۔ دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔دوسرا واقعہ شمال مغربی علاقے انتیوکیا (Antioquia) میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے نیشنل پولیس کا ہیلی کاپٹر نشانہ بنایا۔ ہیلی کاپٹر گرنے سے 12 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یہ حملہ حالیہ برسوں میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے سب سے بڑے فضائی حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
کولمبیا کے وزیر دفاع نے دونوں حملوں کی ذمہ داری ملک کے سب سے بڑے ڈرگ کارٹل کلین ڈیل گولفو (Clan del Golfo) پر عائد کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گروہ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے اور ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم حکومت باغیوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دونوں شہروں میں آپریشن شروع کردیا ہے اور کارٹل کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے اضافی فوجی بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔