تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد میں ایرانی حملوں سے تباہی مچ گئی، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ‘ اسرائیلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا
ایران کا کویت میں امریکی لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعوی‘ایران میں فوجی اڈے ‘ ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا :اسرائیلی فوج
تل ابیب‘تہران(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) ایران نے اسرائیل کو میزائلوں کے نشانے پر رکھ لیا، ایرانی میزائل حملوں کے باعث اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات، اسرائیلی اور امریکی ڈیفنس سسٹم ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں متعدد مقامات پر گرنے والے میزائلوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد میں ایرانی حملوں سے تباہی مچ گئی، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ہونے کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حملوں کی حالیہ لہر میں اسرائیل کا ایٹمی مرکز بھی ایران کے نشانے پر رہا، ایران نے اسرائیل کے جوہری تنصیب والے شہر ڈیمونا کو نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ڈیمونا میں جوہری مرکز سے تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں واقع پرشین گلف سنٹرل براڈکاسٹنگ کمپنی کے 100 کلو واٹ اے ایم ٹرانسمیٹر کو نشانہ بنایا گیا۔رپورٹ میں کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ نشریات بدستور معمول کے مطابق جاری ہیں۔ٹیلیگرام پر جاری ایک پیغام میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں ایک فوجی اڈے سمیت ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے حملوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں جس کے بعد ایرانی میڈیا کے مطابق مشرقی تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ایرانی میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ ایران نے کویت میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق کویت میں طیارے کو ایران کی جانب سے نشانہ بنا کر گرایا گیا۔