معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے(آصف زرداری)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے:صدر مملکت
بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں اعلیٰ سطح اجلاس‘صدرسے  وفاقی وزراء   کی اہم  ملاقات، سکیورٹی، معیشت اور پیٹرولیم قیمتوں پر مشاورت
 لاڑکانہ (   آن لائن ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے نوڈیرو میں  واقع بھٹو ہاؤس میں اہم وفاقی وزراء￿  نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی، معاشی صورتحال اور توانائی کے شعبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی ، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب ،ملک پرویز علی کے علاوہ  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ ، فریال تالپور اور سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے اجلاس کے دوران ملک میں امن و امان کی صورتحال، معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔صدر مملکت نے ہدایت کی  موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے زور دیا  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت ملکی استحکام، سکیورٹی اور معاشی بہتری کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔