ٹریفک کے غیر معمولی دبائو، اوور سپیڈنگ، لین کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ کے تدارک کیلئے کریک ڈائون ہوگا
لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ اور ڈی آئی جی سید فرید علی کی ہدایات پر ایس پی رانا محمد اسماعیل، سیکٹر کمانڈر رحیم یار خان کی زیر نگرانی موٹروے پولیس نے عید کے موقع پر عوام کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی عیدایکشن پلان ترتیب دے دیا۔ عید کے دوران ٹریفک کے غیر معمولی دبائو، اوور سپیڈنگ، لین کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصولی جیسی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے سخت کریک ڈائو ن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عید کے موقع پر نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر رش میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر تمام فیلڈ فارمیشن کو الرٹ رہنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مسافر بردار گاڑیوں میں زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کی روک تھام کے لیے بس مالکان اور ٹرمینل مینیجرز سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں، جبکہ مسافروں کو اوور چارجنگ بارے موٹروے پولیس کو بروقت آگاہ کرنے بارے بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔ عید کے موقع پر جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے موٹروے پولیس نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر خصوصی اسکاڈ تشکیل دیا ہے، جو اسنیپ چیکنگ اور حساس مقامات پر گشت بڑھانے میں مصروف ہے۔ سیکٹر کمانڈر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے دنوں میں وقت سے پہلے سفر کی منصوبہ بندی کریں، جلد بازی سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کریں۔