محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے دریا خان ضلع بھکر میں کارروائی کرتے ہوئے شکار میں استعمال ہونے والی 8 گونجوں کو برآمد کیا، تاہم شکاری موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس کارروائی کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری کومبنگ آپریشن کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کو گونجوں کے غیر قانونی شکار کی خفیہ اطلاع ملی تھی، جس کے بعد سرگودھا ریجن کی فیلڈ فارمیشن اور اسپیشل اسکواڈ کو دریا خان روانہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران شکاریوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم کو دیکھتے ہی اپنا سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے، لیکن وائلڈ لائف حکام نے ان کی چھوڑی ہوئی 8 گونجوں کو برآمد کر لیا۔ ان گونجوں کا استعمال سائبیریا سے ہجرت کرنے والی دیگر گونجوں کے شکار کے لیے کیا جا رہا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف نے شکاریوں کی کمین گاہ کو جلا دیا اور ان کا شکار کا سامان ضبط کر لیا۔ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت گونج ایک تحفظ شدہ جنگلی جانور ہے، جسے رکھنا، پکڑنا یا شکار میں استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔ حکام نے ملزمان کے خلاف نئے قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔یہ کارروائی محکمہ وائلڈ لائف کے اس عزم کا حصہ ہے کہ وہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔