ویب ڈیسک: سلمان خان کی فلموں کی تشہیری مہم ہمیشہ جاندار اور دبنگ ہوتی ہے، لیکن ان کی فلم ’’سکندر‘‘ کی پروموشنز مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہو سکتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سلمان خان کی فلم سکندر 30 مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے، لیکن فلم کی پروموشن کا ابھی تک آغاز نہیں ہو سکا۔فلم کے لیے پلان کی گئی بڑی ٹریلر لانچ ایونٹ، جس میں 30 ہزار مداحوں کی شرکت متوقع تھی، بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ کر دی گئی۔فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈ والا اور ہدایت کار اے آر مرگدوس نے تشہری مہم کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سلمان خان کو حالیہ دنوں میں لارنس بشنوئی گینگ سے متعدد موت کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد اداکار نے اپنی نقل و حمل کو محدود کر لیا ہے۔
اس لیے سلمان خان زیادہ تر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فلم کی تشہیر کریں گے اور عوامی تقریبات میں کم شرکت کریں گے۔فلم کا ٹریلر، جسے 23 یا 24 مارچ 2025 کو لانچ کرنے کا منصوبہ ہے، کا آخری ایڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔فلم ’’سکندر‘‘ میں سلمان خان ایک ایسے شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو زندگی کی مشکلات کو جیت کر کمزوروں کے لیے امید کی کرن بن جاتا ہے۔ ان کا کردار ابتدا میں بے فکری کا حامل ہوتا ہے، مگر اپنی مرحوم بیوی کی یادوں سے متاثر ہو کر اس میں ایک طاقتور تبدیلی آتی ہے۔