دہشت گرد خود حکومت میں ہوں تو دہشت گردی کیسے ختم ہو گی؟:امیر مقام

خیبرپختو نخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوبے میں مسلط سیاسی دہشت گرد حکومت سے نجات پہلی شرط ہے
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختون خوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوبے میں مسلط سیاسی دہشت گرد حکومت سے نجات پہلی شرط ہے۔ وزیراعلی علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر محمد علی سیف کے بیانات پر جوابی ردعمل میں وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوبے میں مسلط سیاسی دہشت گرد حکومت سے نجات پہلی شرط ہے ۔دہشت گرد خود حکومت میں ہوں تو دہشت گردی کیسے ختم ہو گی؟انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا صوبے کو اللہ کے حوالے کرکے خود اسلام آباد میں آرام فرما رہے ہیں ،خیبرپختون کے وزیر اعلیٰ اور مشیروں کو بیانات، اعلانات اور تشہیری سرگرمیوں سے فرصت نہیں ۔صوبے پر مسلط حکمران جماعت میں انتشار ہے، اسی لئے صوبے میں بھی انتشار ہے۔وزیر اعلیٰ اور انکے مشیروں کو صوبے اور اس کے عوام کے بجائے اڈیالہ جیل کے قیدی کی فکر زیادہ ہے۔وزیر اعلی ہدایات کے لئے اڈیالہ جیل کے دروازے پر بیٹھا رہے گا تو صوبہ کیسے چلے گا؟۔