شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 16 خوارج ہلاک

غلام خان کیلی میںہفتہ اوراتوار کی شب خوارج نے دراندازی کی کوشش کی،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 16 خوارج کو ہلاک کردیا گیا
 توقع ہے افغان عبوری حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی،آئی ایس پی آر،وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 16 خوارج کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں خوارج نے دراندازی کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 22  اور 23 مارچ کی شب خوارج نے پاک افغانستان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 16 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مؤثر بارڈر منیجمنٹ کا مطالبہ کر رہا ہے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔