پنجاب پولیس کا سندھ کے سرحدی علاقے میں آپریشن، کچے کا خطرناک ڈاکو ہلاک

شاہ میر عرف میراکوش کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مرکزی ملزم تھا،ترجمان پنجاب پولیس
 لاہور(آئی این پی)پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچہ ماچھکہ سندھ کے سرحدی علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے خطرناک ڈاکو شاہ میر عرف میرا کوش کو ہلاک کر دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو گذشتہ سال کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مرکزی ملزم تھا۔ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت پولیس نے کچہ ماچھکہ سندھ کے سرحدی علاقے میں آپریشن کیا، پولیس نے کچہ ماچھکہ میں سانحہ کچہ ماچھکہ کے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن کیا۔پولیس آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور ایلیٹ کمانڈوز سمیت پولیس کی بھاری نفری حصہ لیا۔پولیس نے ڈاکوئوں کے ٹھکانوں پر چڑھائی کی جس پر دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈاکو سندھ کی طرف فرار ہوگئے۔ پنجاب پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد کچہ کریمنلز کی کمین گاہیں نذرآتش کر دیں۔پولیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکو ئوں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مرکزی ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے پر رحیم یارخان پولیس کو شاباش دی۔