مغوی امان اللہ کو صادق آباد ،دوبھائیوں مراد اورقاسم کو اوگاہی پتن کے علاقے سے بازیاب کروایاگیا
رحیم یار خان(آئی این پی )پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں پولیس نے دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق مغویوں کو مختلف اوقات میں اغواء کیا گیا تھا، جب کہ دیگر مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشنز تاحال جاری ہیں۔صادق آباد کے کچے کے علاقے میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے ایک مغوی امان اللہ کو بازیاب کرا لیا۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کے مطابق امان اللہ کو گذشتہ شب اغواء کیا گیا تھا۔ پولیس نے علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت بازیاب کرایا۔ دیگر دو مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔دوسری کارروائی گھوٹکی کے علاقے اوگاہی پتن میں ہوئی، جہاں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو پندرہ روز قبل اغواء کیے گئے دو بھائیوں محمد مراد اور محمد قاسم کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دونوں مغویوں کا تعلق قادرپور سے ہے اور انہیں کھیتوں کو پانی دیتے وقت اغواء کیا گیا تھا۔ پولیس نے مغویوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔