سکیورٹی کلیئرنس کے بعد بلوچستان میں ریل سروس بحال ہو جائیگی: بلال اظہر

 غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی،وزیر مملکت ریلوے
 اسلا م آباد (آئی این پی )وزیرِ مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد بلوچستان میں ریل سروس بحال ہو جائے گی۔اپنے ایک بیان میں وزیرِ مملکت   ریلوے بلال اظہرکیانی نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کے بعد بلوچستان میں ریلوے سروس پروٹوکول کے ساتھ فوری بحال کی جائے گی۔ مسافروں کی حفاظت اور بہبود یقینی بنانے کے لیے ٹریک اور بوگیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بعد مکمل طور پر بحال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سکیورٹی خطرات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، ان خطرات کو کم کر کے ہی ریلوے سروس دوبارہ شروع ہوگی۔وزیر مملکت نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔