آگ پالتو جانوروں کی دکان سے شروع ہوئی، اموات دم گھٹنے سے ہوئیں،تنگ راستے، دروازے 15 افراد کی موت کا سبب بن گئے
لکھنوئو(آئی این پی )بھارتی شہر لکھنوئو کے علاقے علی گنج میں ایک تین منزلہ کوچنگ سینٹر کی عمارت میں لگنے والی آگ نے تباہی مچا دی، جہاں تنگ راستے اور محدود باہر نکلنے کے دروازے 15 افراد کی موت کا سبب بن گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام اموات دم گھٹنے سے ہوئیں۔بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آگ کی زد میں آنے والے کوچنگ سینٹر میں صرف ایک ہی داخلی اور خارجی راستہ موجود تھا، جو خود بھی انتہائی تنگ تھا۔ اسی واحد راستے کے ساتھ ائیرکنڈیشنر کے پینل، بجلی کی تاریں اور مختلف آلات بے ترتیبی سے نصب تھے، جس نے آگ لگنے کے بعد اس راستے کو مکمل طور پر ایک خطرناک چوک پوائنٹ میں بدل دیا۔عمارت میں ایک ہی سیڑھی موجود تھی جو نچلی منزل، پہلی منزل اور اوپر کی منزلوں کو آپس میں جوڑتی تھی۔ جیسے ہی آگ پھیلی، یہی سیڑھی اور داخلی راستہ دھوئیں سے بھر گئے، جس کے باعث لوگوں کے لیے باہر نکلنا تقریبا ناممکن ہو گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق آگ مبینہ طور پر گرانڈ فلور پر موجود پالتو جانوروں کی دکان سے شروع ہوئی، جہاں تہہ خانے میں سامان بھی رکھا جاتا تھا۔ اس کے بعد آگ نے تیزی سے اوپر کی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیا