کراچی (سپورٹس ڈیسک)کراچی کے پی ایس بی کوچنگ سینٹرکے گرائونڈ میں مصنوعی گھاس لگانے کا فیصلہ مخر کر دیا گیا ہے،باخبر ذرائع کے مطابق اب مذکورہ مقام پر مصنوعی گھاس کے بجائے اصل قدرتی گھاس لگائی جائے گی۔اس حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے باقاعدہ اعلان جلد ہی متوقع ہے، واضح رہے کہ پی ایس بی کی جانب سے کھیلوں کے معروف مقام پر جاری نئے تعمیراتی منصوبے کے تحت قدرتی گھاس کی بجائے مصنوعی گھاس لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن اور سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے ساتھ کھلاڑیوں اور ایتھلیٹکس سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے پرزور احتجاج کیا تھا، ان حلقوں کا کہنا تھا کہ میدان میں مصنوعی گھاس کی تنصیب سے ایتھلیٹکس کے چار ایونٹس جویلین تھرو، شاٹ پٹ تھرو ،ڈسکس تھرو اور ہیمر تھرو کی سہولت ختم ہو جائے گی جس سے مقامی ایتھلیٹس اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع حاصل کرنے سے محروم ہو جائیں گے۔