گھر کو مبینہ غیر قانونی طور پر پلاسٹک کے کھلونوں کے گودام کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا، بوسیدہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی میں تھانہ سٹی کے علاقے نیا محلہ میں 3 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جبکہ آگ نے تین منزلہ گھر کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ رپورٹ کے مطابق گھر کو مبینہ غیر قانونی طور پر پلاسٹک کے کھلونوں کے گودام کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا، بوسیدہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا ، ریسکیو کی 8 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔رہائشی عمارت کو گودام میں تبدیل کرنے کے معاملے پر سوالات اٹھنے لگے۔ریسکیو حکام نے کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا، آگ عمارت کے بالائی منزل میں رکھے فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، کمرے میں رکھے بستر اور گدے کی وجہ سے آگ پھیلی۔عمارت کے نچلے حصے میں کھلونوں کا گودام تھا، پولیس نے بتایا کہ آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔