حج کی آن لائن رجسٹریشن، 24گھنٹوں میں 20 ہزار سے زائد درخواستیں

حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ تشکیل دیں
اسلام آباد(آئی  این پی )حج 2027 کے لئے  آن لائن رجسٹریشن کے  باقاعدہ آغاز  کے بعد  ابتدائی 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 124 افراد نے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی۔ وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے آغاز کے بعد پہلے 24 گھنٹوں میں 30 ہزار سے زائد صارفین نے اپنے یوزر اکائونٹس بھی بنالئے  ہیں، جس سے عازمین کی بھرپور دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیموں کے تحت حج ادا کرنے کے خواہش مند تمام افراد کے لئے  لازمی قرار دی گئی ہے، حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ تشکیل دیں تاکہ آئندہ مراحل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے میں درخواست گزار کے پاس ڈیجیٹل تصویر، قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کا ہونا ضروری ہے، جبکہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کی شرط اگلے مرحلے میں
 لازمی ہوگی۔