سیکرٹری داخلہ کا محکمہ جیل دفتر کا دورہ

لاہور(کرائم رپورٹر)سیکرٹری داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل کے دفتر کا دورہ کیا اور اس موقع پر ان کی زیر صدارت اجلاس بھی ہواجس میں جیلوں کی بہتری، قیدیوں کی سہولیات اور سکیورٹی سے متعلق فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں قیدیوں کی سہولت کیلئے ان کے یونیفارمز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ جیل عملے کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے 200 اہلکاروں کو پاک فوج سے ڈرل انسٹرکٹر کورس کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔سکیورٹی کو مزید بہتر بنانیکیلئے 100 موٹر سائیکلز کی خریداری کی منظوری دی گئی، جو جیلوں کی دیواروں کے ساتھ گشت پر مامور کئے جائیں گے۔ اسیران سے ملاقات کے عمل کو منظم بنانے کیلئے ایڈوانس آن  لائن بکنگ سسٹم کو جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔خواتین قیدیوں کو ان کے بچوں سے باقاعدہ ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ مون سون سیزن کے پیش نظر جیلوں میں انسدادِ ڈینگی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔سیکرٹری داخلہ نے جیل انڈسٹری میں تیار کردہ مصنوعات کا جائزہ بھی لیا اور تمام سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔