9 مئی ہنگامہ آرائی اور جلائو گھیرائو کے مقدمہ میں آ ئندہ پیش ہونے کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر)9 مئی ہنگامہ آرائی اور جلائو گھیرائو سمیت دیگر سنگین دفعات کا مقدمہ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر گوہر ایوب اور زرتاج گل عبوری درخواست ضمانتوں میں پیش نہ ہوئے ،سیشن جج گوجرانوالہ نے دونوں پی ٹی آئی رہنمائوں کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے دونوں کی ایک روزہ حاضری استشنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں ۔ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کے 9 مئی کے مقدمہ میں گوہر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ہونا تھی تاہم فاضل جج کے ٹرانسفر ہونے کی وجہ سے سیشن جج گوجرانوالہ شوکت کمال ڈار نے ڈیوٹی جج کی حیثیت سے سماعت کی ۔ دونوں پی ٹی آئی رہنما خصوصی عدالت میں پیش نہ ہوئے،وکلا کی جانب سے دونوں کی ایک روزہ حاضری استشنیٰ کی درخواستیں دی گئیں جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب اور زرتاج گل قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں مصروف ہیں جس وجہ سے عدالت میں پیش ہونے سے قاصر ہیں۔ فاضل جج شوکت کمال ڈار نے دونوں پی ٹی آئی رہنمائوں کو آئندہ تاریخ پیشی پر ہر صورت پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ پیشی پر حاضر نہ ہونے کی صورت میں دونوں کی عبوری ضمانت خارج کر د ی جائے گی، فاضل جج نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں میں 15 جولائی تک توسیع کر دی۔