لاہور (آئی این پی )انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنمائوں عمر ایوب، فواد چودھری، اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 16جون تک توسیع کر دی گئی۔مسلم لیگ (ن) کا دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت نومئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کے دوران عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 16جون تک توسیع کردی۔عدالت میں فواد چودھری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی، بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی۔پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب ہسپتال داخل ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو ضمانتوں پر حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا، دیگر ملزمان عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔