حکومت پاکستان ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے:ازبکستان کے سفیر سے گفتگو
اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے کہا ہے پاکستان اور ازبکستان کے مطابق دوطرفہ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو ازبکستان کے سفیر علیشیر تختیو نے ملاقات کے دوران کیا ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ازبک سفیر نے پاکستانی قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، فارماسیوٹیکل، بجلی، خوراک اور ای کامرس سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی ڈیجیٹل کمپنیوں کو ازبک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور تعمیراتی مواد اور فیرس و نان فیرس دھاتوں کی مشترکہ پیداوار میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔