مزدو ر کی کم سے کم اجرت42ہزار ہونی چاہیے‘اگلے ماہ فیصلہ کرینگے مراد علی شاہ

کراچی (آئی این پی )وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے  پاک بھارت کشیدگی اور بین الاقوامی تنا کے پس منظر میں بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ   پہلگام واقعے سے 10 مئی تک چیئرمین بلاول نے بطور حقیقی حکمران کام کیا،نہوں نے امریکا اور یورپ میں پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا، اور اسرائیلی و بھارتی لابی کو شکست دی۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب   میں مراد علی شاہ نے اس موقع پر مسلح افواج، صدر، وزیراعظم اور تمام صوبائی حکومتوں کو یکجہتی پر مبارکباد بھی دی۔وزیراعلی نے عالمی سطح پر جاری کشیدگی پر پاکستان کے موقف کو دوٹوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے اور امریکا کی مداخلت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ ہم ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔مراد علی شاہ نے اجلاس کے دوران اپوزیشن کے رویے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج آئینی حق ہے لیکن بدتمیزی کی اجازت نہیں۔ اسپیکر کی بات نہ ماننا پارلیمانی اصولوں کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے 100 فیصد اراکین کو بولنے کا موقع ملا، جو جمہوریت کی بہترین مثال ہے۔وزیراعلی نے بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کا ترقیاتی بجٹ کل بجٹ کا 30 فیصد ہے،پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 23فیصد ، خیبرپختونخوا کا 25.3فیصد ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاق نے شروع میں 1.9 ٹریلین روپے کا وعدہ کیا، مگر نظرثانی کے بعد یہ 1.796 ٹریلین کر دیا گیا۔ سندھ نے 237 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔مراد علی شاہ نے زرعی انکم ٹیکس پر حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آئندہ سال 8 ارب روپے زرعی ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جو فی ایکڑ 1052 روپے بنتا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں یہ شرح ہم سے کم ہے۔وزیراعلی نے آئندہ مالی سال میں اٹھائے جانے والے اہم اقدامات کا اعلان بھی کیا۔