بلوچستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم شہباز شریف

بلوچستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور وفاقی حکومت صوبے کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جبکہ اسلام آباد چاروں صوبوں کا مشترکہ وفاقی مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچوں اور پشتونوں نے قیامِ پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور ان کی خدمات ملکی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت پنجاب نے بلوچستان کے لیے 150 ارب روپے کا حصہ دیا، جبکہ دیگر تین صوبوں نے بھی بلوچستان کے مفاد میں اپنا حصہ ڈالا۔ ان کے بقول یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ قومی یکجہتی، بھائی چارے اور وفاقی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔شہباز شریف نے بتایا کہ کراچی سے چمن تک دو رویہ شاہراہ کی تعمیر جاری ہے، جو بلوچستان میں تجارت، آمدورفت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے 27 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی (سولر) پر منتقل کیا جا چکا ہے، جس سے زرعی شعبے کو تقویت ملے گی اور توانائی کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور 90 ہزار پاکستانیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام اور بلوچستان کی ترقی کے لیے حکومت اپنا عزم برقرار رکھے گی اور صوبے کے عوام کو ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔