بحری جہازوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ منجمد ایرانی اثاثوں سے کیا جائے گا، ٹرمپ کا اعلان

بحری جہازوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ منجمد ایرانی اثاثوں سے کیا جائے گا، ٹرمپ کا اعلان

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی خطے میں بحری جہازوں، کارگو اور متعلقہ سامان کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کے لیے امریکا اپنی تحویل میں موجود منجمد ایرانی اثاثوں سے ادائیگی کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ آئندہ کسی بھی بحری جہاز، کارگو یا اس سے متعلق املاک کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کا مالی ازالہ امریکا کے کنٹرول میں موجود ایرانی فنڈز سے کیا جائے گا۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا، "آج سے اور آئندہ اطلاع تک، بحری جہازوں، کارگو یا ان سے متعلق کسی بھی نقصان کی ادائیگی امریکا کی تحویل میں موجود ایرانی رقم سے کی جائے گی۔"امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیج، آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل شدید دباؤ کا شکار ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکروں پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں، جس سے عالمی سپلائی چین اور توانائی کی منڈیوں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔

اگرچہ صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن ایرانی اثاثوں یا کتنی مالیت کے منجمد فنڈز کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاہم امریکا مختلف پابندیوں کے تحت ماضی سے ایران کے اربوں ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کیے ہوئے ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اس اعلان پر عملی اقدامات کرتا ہے تو ایران اور امریکا کے درمیان قانونی، سفارتی اور مالیاتی تنازعات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خودمختار ریاستوں کے منجمد اثاثوں کے استعمال سے متعلق بین الاقوامی قوانین، مالیاتی ضوابط اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں پر بھی نئی بحث چھڑ سکتی ہے۔