آبنائے ہرمز میں یو اے ای کے دو بحری جہازوں پر حملہ، کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں

آبنائے ہرمز میں یو اے ای کے دو بحری جہازوں پر حملہ، کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں

متحدہ عرب امارات کی سرکاری توانائی کمپنی ایڈناک نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات 13 اگست کی شام آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اس کے دو بحری جہازوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

وام کی رپورٹ کے مطابق، واقعہ کے نتیجے میں کسی بھی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور معاملہ اب کنٹرول میں ہے۔ایڈناک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحری جہازوں پر موجود عملے، خصوصاً سمندری سفر کرنے والے کارکنوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔کمپنی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت اور سمندری راستوں کی آزادی کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔ موجودہ کشیدہ صورتحال میں بحری سلامتی کو یقینی بنانا خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے سے متعلق معلومات صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے حاصل کریں۔ کمپنی نے غیر مصدقہ اطلاعات، افواہوں اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جو خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملاتی ہے۔ یہ راستہ عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی ترسیل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔