خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے کی جامعات کو خود کفیل بنانے کے لیے 10 سالہ ترقیاتی پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے سرکاری جامعات کے چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک مربوط اسٹریٹیجی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ نے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو 21 دن میں اس پلان کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس پلان میں جامعات کی خود کفالت، تحقیقی معیار کو بہتر بنانے، اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔ مزید برآں، اس میں قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات کی تجاویز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ نے کہا کہ اس پلان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ پلان صوبائی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔