کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی کو بہیمانہ تشدد کے بعد تیز دھار آلہ سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح پیرآباد تھانے کی حدود میں صبحان مسجد، سیڑھی بابا مزار کے قریب ایک گھر سے خاتون کی گلا کٹی اور تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔خاتون کی شناخت 45 سالہ ملکیات بی بی زوجہ شعیب کے نام سے ہوئی ہے، جو سات بچوں کی ماں تھیں۔ ایس ایچ او پیرآباد انیس الرحمان کے مطابق مقتولہ سوتی ہوئی تھی جب اس کے شوہر شعیب نے پہلے سر پر پتھر مارا اور پھر تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شعیب پھل فروش ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کی وجہ غربت اور گھریلو جھگڑے معلوم ہوتی ہے۔