ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت چوتھے ٹیسٹ کے پہلے ہی دن بری طرح زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ مانچسٹر ٹیسٹ کے 65ویں اوور میں پیش آیا جب پنت نے انگلش فاسٹ بولر کرس ووکس کو ریورس سوئپ مارنے کی کوشش کی، جس دوران ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ زخمی ہو کر گر پڑے۔ابتدائی طور پر پنت کو میدان میں ہی طبی امداد دی گئی، لیکن حالت بہتر نہ ہونے پر انہیں گولف کارٹ کے ذریعے میدان سے باہر لے جایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق ان کے دائیں پاؤں سے خون بہہ رہا تھا اور ٹانگ میں شدید سوجن بھی پائی گئی۔
بی سی سی آئی کا مؤقف:
بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ پنت کو اسکین کے لیے بھیجا گیا ہے اور میڈیکل ٹیم صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔پہلی معلومات کے مطابق پنت کے پاؤں میں فریکچر کی علامات ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ نہ صرف یہ ٹیسٹ بلکہ باقی سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔
مسلسل انجری مسائل:
یہ پنت کی دوسری انجری ہے جو انہیں موجودہ سیریز میں پیش آئی ہے۔ اس سے قبل لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے دوران وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے ان کی انگلی زخمی ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کی دوسری اننگز میں وکٹ کیپنگ نہیں کر سکے تھے۔ ان کی جگہ دھرو جوریل نے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
میچ کی صورتحال:
پنت کے زخمی ہونے تک بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے۔ ان کی موجودگی ٹیم کے لیے اہم تھی، خاص طور پر مڈل آرڈر میں۔
متبادل کی تیاری:
ذرائع کے مطابق اگر پنت مکمل سیریز سے باہر ہو جاتے ہیں تو دھرو جوریل مستقل وکٹ کیپر کے طور پر باقی میچز میں شامل کیے جائیں گے۔